منگلورو،2؍مارچ (ایس او نیوز) ملزمین سے ضبط کی گئی جگوار لگژری کار پولیس افسران کے ذریعے فروخت کرنے کے معاملہ میں سی آئی ڈی کی تحقیقات میں جیسے جیسے پیش رفت ہورہی ہے ، اس کیس میں ملوث پولیس افسران کے چہروں پر سے نقاب ہٹنے لگی ہے۔
اب تازہ کارروائی کے طور پر سٹی پولیس کمشنر ششی کمار نے سی سی بی سے وابستہ مزید 2پولیس افسران کو معطل کردیا ہے۔ معطل کیے گئے پولیس افسران کے نام اشیتھ ڈیسوزا اور راجا ہیں۔ دو دن قبل سی سی بی کے سابق سب انسپکٹر کبل راج اور نارکوٹکس ڈپارٹمنٹ کے انسپکٹر راما کرشنا کو اس معاملے میں براہ راست ملوث ہونے کے الزام میں معطل کردیا گیا تھا۔ کبل راج کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ اس نے بنگلورو میں مقیم اپنے ایک تاجردوست بھوپیندرا سنگھ کے ہاتھوں کار فروخت کرنے میں مدد کی تھی، جبکہ انسپکٹر راما کرشنا نے اپنے ذمہ داری سے غفلت برتتے ہوئے کار کے تعلق سے تتفتیش نہیں کی تھی جب ملزمین تحقیقات کے لئے اس کے سامنے لائے گئے تھے۔
اس معاملے کی ابتدائی تحقیقات ڈپٹی کمشنر آف پولیس ونئے گاونکر نے کی تھی اور اپنی رپورٹ سٹی پولیس کمشنر کو سونپی تھی۔ مزید تحقیقات کی ذمہ داری سی آئی ڈی کو دی گئی ہے۔ سی آئی ڈی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس روہینی کاٹوچ کی قیادت میں تحقیقاتی ٹیم منگلورو پہنچ گئی ہے۔ پتہ چلا ہے کہ سی آئی ڈی نے 14 افراد کو اس معاملے میں تحقیقات کے لئے حاضر ہونے کا نوٹس جاری کیا ہے۔